بنگلورو،4؍اکتوبر (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ، ڈی کے شیو کمار کے ٹھکانوں پر مارے جارہے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ (آئی ٹی ) کے چھاپوں کے لئے مرکزی حکومت پر سیاسی سازشوں کا الزام لگاتے ہوئے یوتھ کانگریس کارکنوں نے آج شہر میں مرکزی حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ شہر میں آئی ٹی کے مرکزی دفتر کے روبرو یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے آئی ٹی افسروں پر بھی یہ الزام لگایا کہ مرکزی حکومت کی ہدایت پر نہ صرف شیو کمار کے دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں ، بلکہ انہیں ہراساں بھی کیا جارہا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے افسر سیاسی انتقام کے تحت مرکز کے اشارے پر شیو کمار کے ٹھکانوں پر چھاپے ماررہے ہیں ۔ مظاہرین نے ان چھاپوں کی مذمت کی۔ مظاہرین نے یہ بھی الزام لگایا کہ مودی حکومت سیاسی مقصد کے تحت ریاستی کانگریس لیڈروں کوہراساں کرنے ان کے ٹھکانوں پرچھاپے مار رہے ہیں ، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں مرکزی بی جے پی حکومت اقتدار کا غلط استعمال کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے مرکزی بی جے پی حکومت پر سے لوگوں کا اعتماداٹھ رہا ہے ۔ مظاہرہین نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملک میں عام انتخابات بالکل قریب ہیں بی جے پی ان انتخابات کو نظر میں رکھ کر کانگریس لیڈروں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارنے محکمہ انکم ٹیکس کا غیر قانونی طور پر استعمال کررہی ہے۔ یوتھ کانگریس کارکنوں کے احتجاجی مظاہرے کے سبب کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی روک تھام کے پیش نظر شہر میں پولیس سکیورٹی کا معقول بندوبست کیا گیا تھا ۔ شہر میں انکم ٹیکس دفتر کے اطراف30سے زیادہ پولیس جوانوں اور افسر وں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ ایک کے ایس آر پی دستہ کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔
بیرکیڈس پھاندنے کی کوشش: انکم ٹیکس دفتر کے داخلے میں بھاری پیمانے پر بیریکیٹس کھڑے کئے گئے تھے ۔ تاکہ مظاہرین کو دفتر سے باہر ہی روکا جائے ۔ احتجاج کے دوران شانتی نگر اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے این اے حارث کے فرزند محمد نلپاڑ نے بیریکیٹ پھاند کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی ۔ حالانکہ مارپیٹ کے ایک معاملہ میں اس وقت کے کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے محمد نلپاڈ کو 6سال پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کردیا تھا ۔ لیکن آج کے احتجاجی مظاہرہ میں محمد نلپاڈ نے بھی حصہ لیا ۔
کوئی احتجاجی مظاہرہ نہ کریں: یوتھ کانگریس کی جانب سے آج یہاں ان کی حمایت میں کئے گئے احتجاجی مظاہرہ پر اپنے تاثرات ظاہر کرتے ہوئے خود ڈی کے شیو کمار نے درخواست کی ، ان کی حمایت میں کوئی احتجاج نہ کیا جائے ۔ ان پر جو انکم ٹیکس کے چھاپے مارے جارہے ہیں اس پر قانونی جنگ وہ خود لڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بھی پتہ ہے کہ مرکزی بی جے پی حکومت کی ایماء پران کے ٹھکانوں پر آئی ٹی چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ اس کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کررہا ہوں۔ اس ملک کے آئین اور عدلیہ پر مجھے پورا بھروسہ ہے اس ملک کا قانون میرے ساتھ انصاف کرے گا ۔